جمعرات 5 نومبر 2026 - 11:54
حضرت زہرا سلام اللہ علیہا نے رات کے وقت تدفین کی وصیت کے ذریعے ولایت کی حقانیت کو تاریخ میں کیسے زندہ رکھا؟ آیت اللہ العظمیٰ بہجت

حوزہ/ مرحوم آیت اللہ العظمیٰ بہجت نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی رات کے وقت تدفین کی تاریخی وصیت کو ایک غیر معمولی اور انسانی عقل و فہم سے بالاتر حکمت عملی قرار دیا ہے، جس کے ذریعے آپ نے اپنی مظلومیت اور شہادت کے باوجود اہل بیت علیہم السلام کی حقانیت اور ولایت کے حقیقی مقام کو تاریخ میں ہمیشہ کے لیے زندہ کر دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اہل بیت عصمت و طہارت علیہم السلام کی مظلومیت ہمیشہ ایسی الٰہی حکمت اور رہنمائی کے ساتھ رہی ہے جس نے تاریخ کو بیدار کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے اپنی تاریخی وصیت کے ذریعے حقانیتِ ولایت کو ہمیشہ کے لیے نمایاں کر دیا۔ اس سلسلے میں عارف و فقیہ مرحوم آیت اللہ العظمیٰ بہجت کے ایک اہم بیان کو پیش کیا گیا ہے۔

آیت اللہ العظمیٰ بہجت نے اس بارے میں کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے اپنی زندگی کے آخری لمحات میں، تمام مظالم برداشت کرتے ہوئے وصیت فرمائی کہ شہید ہونے کے بعد انہیں رات کے وقت دفن کیا جائے۔ یہ ایک انتہائی حیرت انگیز اقدام تھا، جس کی مثال انبیائے الٰہی کے معجزانہ اقدامات میں ملتی ہے۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسی شخصیت جس پر ظلم کیا گیا ہو، جسے شکست خوردہ ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی ہو اور جس نے تمام مصائب برداشت کیے ہوں، اس کا ایسا راستہ اختیار کرنا کہ وہ اپنی حقانیت اور کامیابی کو تاریخ کے سامنے ثابت کر دے، انسانی فکر سے بالاتر ہے۔ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا نے رات کے وقت اور بغیر علانیہ تشییع کے تدفین کی وصیت کرکے یہی کام انجام دیا۔

آیت اللہ العظمیٰ بہجت کے مطابق، اگر اس وقت کی حکومت اور خلافت کو پہلے سے معلوم ہوتا کہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا ایسی وصیت کرنے والی ہیں تو وہ آپ کے گھر میں داخل ہوکر اس پر عمل روکنے کی کوشش کرتے۔ آپ کی تدفین کے بعد ان کے پاس جبش قبر کے سوا کوئی راستہ باقی نہیں رہ گیا تھا، لیکن امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام نے اس اقدام کو روک دیا اور وہ اپنے مقصد میں کامیاب نہ ہو سکے۔

ماخذ: در محضر بہجت، جلد 1، صفحہ131۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha